علامہ حافظ اقبال حسین جاوید

Allama Hafiz Iqbal Hussain Javed

 H. Iqbal

آپ ۱۹۵۵ (۱۳۷۳ھ) میں پاکستان کے شہر سرگودھا میں پیدا ہوئے۔ آپ نے دینی تعلیم دار العلوم محمدیہ سرگودھا میں حاصل کی۔ آپ دینی علوم کے حصول میں اعلیٰ درجہ پر فائز ہوئے ۔ آپ نے عربی اور فارسی ادبیات میں  ۱۹۷۹ڈگری حاصل کی اور پھر آپ حوزہ علمیہ قم المقدسہ چلے گئے۔ وہاں آپ نے جید علما اور اساتذہ کے دروس میں شرکت کی اور عرصہ دراز تک وہاں مقیم رہے۔ آپ ۱۹۸۷ میں واپس پاکستان تشریف لائے ۔

               پاکستان واپسی پر آپ نے لاہور میں قیام کیا اور دینی خدمات سرنجام دیں جن میں درس و تدریس اور خطابت وغیرہ شامل ہیں۔ آپ نے لاہور میں مدرسہ امام شیرازی میں طویل عرصہ تک تدریس کی جہاں آپ نے بہت سے طلاب کو حفظ ِ قرآن اور علوم ِ دینیہ کی تعلیم دی۔ آپ نے متعدد اخبارات و مجلات میں مقالات تحریر کئے اور کئی کتب کی تصنیف کی اور عربی اور فارسی کتب کا ترجمہ کیا۔ آپ کی مولفات ۱۳ ہیں جن میں معروف کتب ’’اخبار امامؑ‘‘ ، ’’اخبار نبی ؑ‘‘ ، ’’قواعد تجوید‘‘ ،’’ علی ؑ فی القرآن‘‘   اور شیعہ فی القرآن ہیں۔ آپ کا انتقال لاہور میں ہوا۔

 

               دائرۃ المعارف الحسینیہ ؑ کے بارے میں علامہ اقبال حسین جاوید نے جو تحریر کیا اس کا خلاصہ یہ ہے:

               ’’امام حسین ؑ کی سیرت و کردار پر گفتگو اس وقت تمام دنیا میں ہو رہی ہے۔ آپ ؑ کی زندگی ایک ایسا نمونہ ٔ عمل ہے کہ جس میں ہر طبقہ زندگی کے لئے بہترین زندگی گزارنے کا طریقہ موجود ہے۔ امام حسین ؑ نے جس مشکل زمانہ میں دنیا کی امامت کا منصب اپنے برادر ِ بزرگ امام حسن  مجتبیٰ ؑ کی شہادت کے بعد سنبھالا وہ وقت سیاسی اور مذہبی شورشوں سے بھرا ہوا تھا۔ آپ نے کمال تدبر کے ساتھ اس کٹھن وقت میں امت کی رہبری و رہنمائی کی اور ان کو صراط ِ مستقیم پر قائم رکھا کہ تخت ِ شام آپ ؑ کو کوئی نقصان نہ پہنچا سکا۔ لیکن یزید جیسے باغی اور سرکش   انسان کے حکومت سنبھالتے ہی اس بربریت اور ظلم کا اعلان کیا گیا کہ جس میں جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ محال ہو گیا۔ یقینا یہ بھی امام حسین ؑ کا کمال ِ تدبر تھا کہ آپ نے یزید کے ناپاک ارادوں کو بھانپ لیا تھا اور اپنے نانا رسول اکرم ؐ کے شہر کی حرمت کو پامال ہونے سے بچانے کے لئے آپ نے کربلا کا سفر کیا اور وہاں شہید ہوئے۔

               آیت اللہ الشیخ محمد صادق الکرباسی نے اپنی تمام زندگی کو امام حسین ؑ کو لئے وقف کر دیا اور اس کا ثبوت ان کا علمی کارنامہ ہے ، جو دائرۃ المعارف الحسینیہ ہے کہ جس میں  آپ نے امام حسین ؑ سے مربوط ہر موضوع پر جامع تحقیق کی ہے اور  دنیا کو اس عظیم و با کمال شخصیت کے متعلق منفرد انداز میں معلومات فراہم کی ہیں۔

خدا ان کی عمر دراز فرمائے اور اس علمی وتحقیقی کام میں ان کا حامی ہو مددگار ہو۔ آمین

 

اقبال حسین جاوید۔ لاہور